اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ تقریب مذاہب اسلامی کونسل کے سیکریٹری جنرل نے ایران میں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کے انعقاد کو تمام ملکوں کے لئے امن و دوستی کے پیغام کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آج اسلامی ملکوں کے درمیان وحدت کے علمبردار ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ اراکی نے جمعرات کی شام تہران میں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کے حرم مطہر میں منعقدہ مراسم میں خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران میں 65 ملکوں کے نمائندوں کی موجودگی کو عالم اسلام کے لئے، ایک بڑا افتخار قرار دیا اور کہا کہ اسلامی انقلاب کے بانی اور وحدت اسلامی کانفرنس کی فکر دینے والے حضرت امام خمینی رح کی مرقد پر 65 ممالک کے نمائندوں کی موجودگی بھی عالم اسلام کے لئے عزت و وقار شمار ہوتی ہے۔
تقریب مذاہب اسلامی کونسل کے سیکریٹری نے مزید کہا کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کی برکت اور افکار و نظریات کے نتیجے میں آج عالم اسلام کے تین سو سے زیادہ علماء و دانشور، وحدت و باہمی ہمدلی کے ساتھ اس اسلامی کانفرنس میں شریک ہیں۔
آیت اللہ اراکی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس کانفرنس کے شرکاء، امن و دوستی کے پیغام کو پوری دنیا میں پہنچائیں گے، کہا کہ رسول خدا حضرت محمد مصطفی (ص) اتحاد و وحدت کے پیغمبر، اسلامی شناخت کے بانی اور عدل و انصاف کے مظہر ہیں۔
واضح رہے بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کے شرکاء آج صبح رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کے بعد تہران کی نماز جمعہ میں شرکت کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲